اسرائیل سے جنگ کے بعد ایران میں پہلی فوجی مشقوں کا آغاز

اسرائیل سے جنگ کے بعد ایران میں پہلی فوجی مشقوں کا آغاز  ہوگیا۔ 

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ ایران نے اسرائیل کے ساتھ اپنی 12 دن کی جنگ کے خاتمے کے بعد اپنی پہلی فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ مشقوں میں بحریہ کے جہازوں نے خلیج عمان اور بحر ہند میں سمندری اہداف پر میزائل داغے۔

اگرچہ اس طرح کی مشقیں ایران میں معمول کا حصہ سمجھی جاتی ہیں لیکن “مستقل طاقت 1404” نامی یہ مشقیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب ایران کی حکومت ایک ایسی جنگ کے بعد اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں اسرائیل نے ایرانی فضائی دفاعی نظام کو تباہ کردیا تھا اور جوہری تنصیبات اور دیگر مقامات پر بمباری کی تھی۔

سرکاری ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق بحریہ کے بحری جہاز اہداف پر کروز میزائل داغیں گے اور کھلے پانیوں پر ڈرون استعمال کریں گے۔ ایران کی بحریہ، جس کی تعداد تقریباً 18,000 ہے، نے گزشتہ جون کی جنگ کے دوران کسی بھی بڑے حملے سے گریز کیا تھا۔ جنگ کے خاتمے کے بعد سے ایران نے مستقبل میں کسی بھی اسرائیلی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی تیاری پر بڑھ چڑھ کر زور دیا ہے۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیرزادہ نے بتایا کہ ملک نے اپنی افواج کو نئے میزائلوں سے لیس کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہماری افواج دشمن کی جانب سے کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کے جواب میں ان نئے میزائلوں کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اسی تناظر میں ایرانی وزارت دفاع نے دفاعی صنعت کے دن کے موقع پر اس بات کی تصدیق کی کہ جنہیں انہوں نے تہران کے “دشمن” کہا ہے وہ اب یہ سمجھ چکے ہیں کہ خطے میں کسی بھی مہم جوئی یا غلط حساب کتاب کا مقابلہ ایرانی مسلح افواج کی جانب سے ایک سخت اور مضبوط جواب سے کیا جائے گا۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی  نے وزارت دفاع کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا کہ چار دہائیوں کی جامع پابندیوں کے باوجود، دفاعی صنعت ماہرین اور خصوصی افراد کی کوششوں سے ترقی اور طاقت کی ایک علامت میں تبدیل ہونے میں کامیاب ہو گئی ہے، جس نے اس میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ میزائل، اسلحہ، خلائی شعبے اور جدید ترین عالمی معیار کے مطابق مختلف فوجی نظاموں کے ڈیزائن اور پیداوار میں حاصل کی گئی کامیابیاں ملک کو بیرونی انحصار کی انتہا سے خود انحصاری اور طاقت کی انتہا تک لے آئی ہیں، اور (ایران) کو خطے میں طاقت کا ایک اہم محور بنا دیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایرانی عوام نے اس طاقت اور اختیار کے نتائج کو حالیہ 12 دن کی جنگ کے دوران محسوس کیا اور دشمنوں پر یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کسی بھی نئی مہم جوئی کا مقابلہ ایرانی مسلح افواج کی جانب سے ایک شدید ردعمل سے کیا جائے گا۔