عمرے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری

سعودی حکومت کا غیر ملکی عمرے کے خواہشمند مسلمانوں کے لیے بڑا اقدام، جس کے بعد ویزا حاصل کرنا پہلے سے آسان ہوگیا ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیرون ملک مقیم عمرے کے خواہشمند افراد کے لیے ’نسک عمرہ‘ سروس کا آغاز کیا ہے۔

اس آن لائن سروس کی مدد سے عمرہ زائرین بغیر کسی ایجنٹ یا ثالث کے براہِ راست ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نسک عمرہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے عمرہ زائرین رہائش، ٹرانسپورٹ اور ٹورز جیسی سہولتیں بھی آن لائن بک کر سکیں گے۔

وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ ان سہولتوں کا حصول https://umrah.nusuk.sa/ کے ذریعے ممکن ہے۔

 مذکورہ پلیٹ فارم سے زائرین اپنی خواہش اور سہولت کے مطابق مربوط یا علیحدہ علیحدہ پیکجز حاصل کرسکتے ہیں۔

نسک عمرہ پلیٹ فارم کا مقصد سروس کے معیار کو بہتر بنانا اور زائرین  کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس سروس کا آغاز سعودی عرب کے ویژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے وزارت کی کوششوں کا حصہ ہے۔

 جس کے تحت زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کی میزبانی اور حج و عمرہ کی خدمات کے معیار کو بہتر بنا کر زائرین کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانا شامل ہے۔