چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری) ریٹائرڈ نے گجرات کے سیلاب سے متاثرہ گاؤں چک سادہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل گجرات، ایکسین ہائی ویز، ایکسین اریگیشن اور متعلقہ عملہ بھی ان کے ہمراہ تھا۔
دورے کے دوران بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا، متاثرہ سڑکوں اور آبی گذرگاہوں پر جاری بحالی کے کام کا جائزہ لیا اور ریلیف و ریسکیو سرگرمیوں کے حوالے سے افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے متاثرہ گاؤں کے مکینوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت پنجاب ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ عوام کو ریلیف اور بحالی کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور تمام ادارے اس سلسلے میں مربوط انداز میں کام کریں۔
مزید برآں، انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ متاثرہ گھروں اور زرعی زمینوں کے نقصانات کا فوری سروے مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔