اسلام آباد (18 ستمبر 2025) – پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن س کمپلیکس میں جاری قومی گول بال ٹیموں کے تربیتی کیمپ کا ترکی کے سفیر ڈاکٹر عرفان نزیروغلو نے دورہ کیا۔
صدر فیڈریشن محمد وقاص، کرنل اکرم ملک، چیف ایڈیٹر پاسبان عزیزالرحمان مجاہد، عرفان تبسم، تحسین جاوید چوہدری اور نائب صدر شہزاد جاوید نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ قومی ٹیم کی کھلاڑی حرا کنول نے پھول پیش کیے۔
اپنے خطاب میں ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی صدی پرانے دوست ہیں، دونوں ممالک نے زلزلہ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سمیت ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ علیحدہ ممالک ہونے کے باوجود دونوں ہمیشہ ساتھ رہے ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے ایشیا پیسیفک گول بال 2025 کی میزبانی کو پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ وہ صرف سفیر کی حیثیت سے نہیں بلکہ ان کھلاڑیوں کے “چچا عرفان” کے طور پر آئے ہیں۔ نابینا کھلاڑی انہیں “چچا عرفان” کہہ کر بلا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر عرفان نزیروغلو نے قومی کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور ترکی کی نابینا ٹیموں کے درمیان دو طرفہ سیریز کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے بلائنڈ اسپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون اور سرپرستی کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ آئندہ بھی PBSF کی قیادت اور ٹیموں سے ملاقاتیں جاری رکھیں گے۔
تقریب میں مرد و خواتین ٹیموں نے نمائشی مقابلوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں اور آئندہ بین الاقوامی ایونٹس کی تیاریوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ گلوکار فواد عالم نے خصوصی موسیقی کا پروگرام پیش کیا۔ آخر میں کرنل اکرم ملک نے سفیرِ ترکی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ صدر PBSF محمد وقاص نے ترک سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن بین الاقوامی تعاون کے ذریعے نابینا کھلاڑیوں کے کھیل کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔