واشنگٹن (صباح نیوز)امریکی محکمہ خارجہ نے ڈائیورسٹی ویزا لاٹری کی رجسٹریشن کے لیے ایک ڈالر کی فیس متعارف کرائی ہے۔یہ پہلا موقع ہوگا جب اس پروگرام میں رجسٹریشن کرنے والوں سے ایک ڈالر کی فیس وصول کی جائے گی۔ تاہم، یہ فیس 330 ڈالر کی فیس سے علیحدہ ہوگی، جو منتخب درخواست دہندگان سے وصول کی جائے گی۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، یہ نئی فیس 16 اکتوبر سے لاگو ہوگی۔ اس کے تحت، جو لوگ لاٹری پروگرام میں رجسٹریشن کرانا چاہتے ہیں، انہیں امریکی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر اپنا الیکٹرانک اندراج کرتے وقت ایک ڈالر فیس ادا کرنا ہوگی۔

یہ فیس ایک مجاز پورٹل کے ذریعے کی جائے گی اور ناقابل واپسی ہوگی۔ڈائیورسٹی ویزا لاٹری پروگرام کے تحت ہر سال 55 ہزار تک تارکین وطن کو ویزے دیے جاتے ہیں، خاص طور پر ان ممالک کے درخواست دہندگان کو جن کی امریکا میں امیگریشن کی سطح کم ہے۔رپورٹس کے مطابق، ڈی وی لاٹری (گرین کارڈ لاٹری) کے لیے دنیا بھر سے سالانہ 25 ملین رجسٹریشنز ہوتی ہیں۔ ایک ڈالر کی فیس کے نفاذ سے تقریبا 25 ملین ڈالر سالانہ آمدنی متوقع ہے، جو سسٹم کی اپ گریڈنگ، ڈیٹا اکٹھا کرنے، اور سیکیورٹی جائزوں کے لیے استعمال ہوگی۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ اس فیس کے نفاذ سے جعلسازی کرنے والے تھرڈ پارٹی افراد کی دھوکہ دہی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ ساتھ ہی، نئی فیس کے نتیجے میں ڈائیورسٹی ویزا لاٹری کی مجموعی طلب میں تھوڑی کمی آ سکتی ہے، خاص طور پر ایسے ممالک سے درخواست دینے والوں کے لیے جہاں معاشی وسائل محدود ہیں۔