اسلام آباد (20 ستمبر 2025) – پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدے پر مسلم لیگ (ق) نے نہ صرف خیر مقدم کیا بلکہ پوری قوم کو مبارکباد بھی پیش کی ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے ترجمان مصطفیٰ ملک نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی قومی امنگوں کا ترجمان اور ملکی تاریخ میں ایک سنگِ میل ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پوری قوم اس موقع کو “یومِ تشکر” کے طور پر منائے تاکہ ربِ کریم کا شکر ادا کیا جا سکے، جس نے پاکستان کو اقوامِ عالم میں عزت و تکریم عطا فرمائی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو ارضِ حرمین الشریفین کی سلامتی کا کردار ادا کرنے کا موقع ملنا ایک عظیم سعادت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “بیان المرصوص” کے بعد پاکستان کا بہترین تشخص دنیا کے سامنے ابھرا ہے، جو وزیراعظم، آرمی چیف، دفاعی اداروں، پارلیمان اور پوری قوم کی غیر معمولی یکجہتی کا ثمر ہے۔
مصطفیٰ ملک نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حکمتِ عملی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت اور قیادت نے پاکستان کو عالمی برادری کی توجہ اور عزت کا مرکز بنا دیا ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے والہانہ محبت کو پاکستانی قوم کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے وقار کو بلند کرنے میں سمندر پار پاکستانیوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ اور وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے بیک ڈور ڈپلومیسی نے بھی اس معاہدے کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی دعوت پر برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی مفادات کو ہر ذاتی یا سیاسی ترجیح پر مقدم رکھا جانا چاہیے۔ ترجمان نے کہا: “وطن کے دفاع، استحکام اور خوشحالی کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔”