ایشیا پیسفک گول بال چیمپئن شپ کی تیاری، وفاقی سیکرٹری کا اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کا جائزہ
محی الدین وانی: پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کو بھرپور سرپرستی دی جائے گی
خصوصی کھلاڑی زیادہ حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں، سینیٹر دنیش کمار
اسلام آباد (رپورٹ)
وفاقی سیکرٹری برائے انٹر پروونشل کوآرڈینیشن محی الدین احمد وانی نے گزشتہ روز پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کی جانب سے ایشیا پیسفک گول بال چیمپئن شپ کے سلسلے میں لگائے گئے تربیتی کیمپ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سینیٹر دنیش کمار، پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے صدر وقاص وڑائچ، عزیزالرحمان مجاہدشہزادجاوید،اجیت کمار اور دیگر عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔محی الدین وانی نے کیمپ میں موجود کھلاڑیوں ,،سے ملاقات کی، ان کی تربیت کے طریقہ کار کا مشاہدہ کیا اور کوچز سے کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ محدود وسائل کے باوجود ملک میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں، اسی مقصد کے لیے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔سیکرٹری انٹر پروونشل کوآرڈینیشن نے مزید کہا کہ “ہم یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ کسی بھی کھیل کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا، چاہے وہ قومی سطح کا ہو یا خصوصی افراد کا کھیل۔ تمام کھیلوں کو مساوی حقوق اور وسائل فراہم کرنا پاکستان اسپورٹس بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔”اس موقع پر سینیٹر دنیش کمار نے اپنی گفتگو میں خصوصی طور پر توجہ دلائی کہ بصارت سے محروم کھلاڑی زیادہ حوصلہ افزائی اور سرپرستی کے مستحق ہیں کیونکہ وہ اپنے محدود وسائل کے باوجود نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ بچے عالمی مقابلوں میں پاکستان کا پرچم سربلند کر سکیں۔
وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے سینیٹر دنیش کمار کی اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کو اس سال ایشیا پیسفک گول بال چیمپئن شپ میں بھرپور سرپرستی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کھلاڑی اپنی محنت، جذبے اور لگن سے اس بین الاقوامی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔فیڈریشن کے صدر وقاص وڑائچ نے وفاقی سیکرٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ حکومتی سطح پر ہمیں اتنی توجہ اور سرپرستی حاصل ہو رہی ہے۔ ہمارے کھلاڑی اس موقع کو ضائع نہیں کریں گے اور اپنی بہترین کارکردگی سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں گے۔آخر میں وفد نے کیمپ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کھلاڑیوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی لیا۔ یہ دورہ کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی اور فیڈریشن کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔