اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے ایک نمائندہ وفد نے قومی اسمبلی میں رکن قومی اسمبلی محترمہ نیلم کماری سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت فیڈریشن کے صدر وقاص وڑائچ نے کی، جبکہ وفد میں کوآرڈی نیٹر عزیزالرحمان مجاہد، شہزاد احمد، خلیل احمد، اجیت کمار اور قومی سطح کے نابینا گول بال کھلاڑی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران کوآرڈی نیٹر عزیزالرحمان مجاہد نے رکن قومی اسمبلی نیلم کماری کو تفصیل سے آگاہ کیا کہ اس وقت پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے نابینا بچے اور بچیاں اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں موجود ہیں جہاں قومی سطح کا سلیکشن کیمپ جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے یہ تاریخی لمحہ ہے کہ اکتوبر کے اسی ماہ میں ایشیا پیسفک گول بال چیمپئن شپ کی میزبانی پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کو ملی ہے، جس میں 12 سے زائد ممالک کے نابینا مرد و خواتین کھلاڑی شریک ہوں گے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نیلم کماری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جان کر انہیں خوشگوار حیرت اور بے حد مسرت ہوئی کہ نابینا بچے اور بچیاں بھی کھیلوں کے میدان میں کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان اپنی محنت، لگن اور حوصلے کے ذریعے نہ صرف اپنی معذوری پر قابو پا رہے ہیں بلکہ دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان کا ہر شہری باصلاحیت ہے اور اپنے ملک کا نام روشن کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔
نیلم کماری نے پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ قابل ستائش ہے جو نابینا کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی سطح پر ان کھلاڑیوں کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے آواز بلند کریں گی اور فیڈریشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نابینا کھلاڑی ہمارے معاشرے کے اصل ہیروز ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
وفد نے رکن قومی اسمبلی نیلم کماری کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نابینا کھلاڑی اپنی بھرپور کارکردگی کے ذریعے پاکستان کا پرچم بلند کریں گے۔






