اسلام آباد (پاسبان نیوز) — پاکستان ساوتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے صدر میاں نصیر احمد کی جانب سے ممتاز سفارتکار نجم الثاقب کے اعزاز میں رمادا ہوٹل اسلام آباد میں ایک پُرتکلف عشائیہ دیا گیا۔

عشائیہ کی اس پر وقار تقریب میں ملک کی سیاسی، سماجی اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان جناب سراج الحق، پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و فوکل پرسن وزارت اوورسیز غلام مصطفیٰ ملک، صدف مرتضیٰ (میڈیا کوآرڈینیٹر چیئرمین سینیٹ)، شہربانو (ہم ٹی وی)، طارق عزیز (92 نیوز)، محسن رضا (سچ نیوز)، پروفیسر ڈاکٹر عمر، کبیر چوہان (ایم اے ٹریولز)، نثار برقی (پنجاب ہائیٹس)، میاں سجاد، جامعہ خواجہ خیرالدین حقیقہ کھاریاں کے نمائندے اور چیف ایڈیٹر پاسبان نیوز عزیزالرحمان مجاہد شامل تھے۔

تقریب کے شرکاء نے نجم الثاقب کی سفارتی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیرونِ ملک پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور قومی خدمت کا جذبہ قابلِ فخر ہے۔

اس موقع پر میزبان میاں نصیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ نجم الثاقب جیسے محنتی، مخلص اور باصلاحیت سفارتکار پاکستان کا سرمایۂ افتخار ہیں۔ ان کی خدمات نہ صرف سفارتی میدان میں بلکہ انسانی و معاشرتی سطح پر بھی قابلِ تقلید ہیں۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے نجم الثاقب کی صحت، کامیابی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








