اسلام آباد: اسلامائزیشن کی علمی تاریخ کے معمار — مولانا ڈاکٹر اکرام الحق یاسین کی تین کتب کی تعارفی تقریب

اسلام آباد (پاسبان نیوز) — اسلامی فکر اور آئینی مباحث کے میدان میں نمایاں مقام رکھنے والے مولانا ڈاکٹر اکرام الحق یاسین، سیکرٹری اسلامی نظریاتی کونسل اسلام آباد، کی تین نئی تحقیقی کتب کی تعارفی تقریب مرکزِ تعلیم و تحقیق، گلشنِ تعلیم H-15 اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب نہایت پُررونق، بامعنی اور خوش نظم انداز میں منعقد ہوئی جس میں ماہرینِ قانون، اساتذہ، محققین، اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر اکرام الحق یاسین پاکستان کے دستوری ارتقاء اور اسلامائزیشن کی علمی و فکری تاریخ کو تحقیقی بنیادوں پر مرتب کر رہے ہیں۔ ان کی یہ علمی کاوش محض تاریخی مواد کا احاطہ نہیں بلکہ پاکستان کے آئینی اور قانونی خدوخال میں اسلامی روح کے تسلسل کی داستان ہے۔ انہوں نے اپنی گہری تحقیق، باریک بینی اور فکری بصیرت کے ذریعے اس میدان میں ایک منفرد علمی ورثہ قائم کیا ہے۔

تقریب کے انعقاد کی تجویز اور انتظامات پروفیسر ڈاکٹر حافظ حبیب الرحمن (استاذ فیکلٹی آف شریعہ اینڈ لا، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد و مدیر مرکز تعلیم و تحقیق) کی زیرِ نگرانی ہوئے۔ تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر خالد رحمان (چیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد)، پروفیسر ڈاکٹر محمد مشتاق احمد (شفا تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد) اور ڈاکٹر حبیب الرحمن نے شرکت کی اور کتب پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ان کی تحقیقی و فکری اہمیت کو اجاگر کیا۔

کتابوں کی اشاعت نیشنل بک فاؤنڈیشن پاکستان نے کی ہے، جب کہ شریعہ اکیڈمی اور مرکز تعلیم و تحقیق نے اس موقع پر اپنے اسٹالز بھی لگائے، جہاں فکری و تحقیقی کتب رعایتی نرخوں پر دستیاب تھیں۔

شرکائے تقریب نے ڈاکٹر اکرام الحق یاسین کے علمی و تحقیقی کام کو پاکستان کی فکری و دستوری تاریخ کا سنگِ میل قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ علمی سلسلہ آئندہ نسلوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ثابت ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ان کتب کی پہلی تقریبِ پذیرائی گجرات میں بھی جلد منعقد کی جائے گی۔