لاہور (پاسبان نیوز) — جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ہیڈ کوارٹر منصورہ لاہور میں ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی سے ڈاکٹر طارق سلیم اور حاجی محمد اسلم جاوید نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران جماعت اسلامی کے مختلف تنظیمی، سماجی اور فلاحی منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خاص طور پر “بنو قابل پروگرام گجرات” کا ذکر کیا گیا، جو نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور فنی مہارت کے فروغ کے لیے ایک کامیاب ترین ماڈل کے طور پر سامنے آیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پروگرام کے منتظمین اور ٹیم کو شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور کہا کہ “بنو قابل پروگرام ہماری نوجوان نسل کے لیے امید کی کرن ہے۔ یہ منصوبہ پاکستان کے ہر شہر میں نوجوانوں کو باعزت روزگار اور فنی مہارت کے مواقع فراہم کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔”
ڈاکٹر طارق سلیم نے پروگرام کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گجرات میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے مختلف کورسز میں داخلہ لیا ہے اور پروگرام کو عوامی سطح پر غیر معمولی پذیرائی ملی ہے۔
ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ جماعت اسلامی تعلیم، تربیت اور روزگار کی فراہمی کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کو خود مختار بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔
آخر میں حافظ نعیم الرحمن نے “بنو قابل پروگرام” کے سلسلے کو دیگر شہروں تک وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس منصوبے کو پورے ملک میں کامیابی اور استحکام عطا فرمائے۔






