اسلام آباد، یکم نومبر 2025ء — پاکستان میں رومانیہ کے سفارتخانے نے ’’رومینین کلچر ڈیز اِن پاکستان‘‘کے پہلے ایڈیشن کا اعلان کر دیا ہے، جو نومبر کے مہینے میں اسلام آباد، کراچی اور پشاور میں منعقد کیا جائے گا۔
اس سلسلے کی تقریبات ’’کلچر بریجز نیشنز‘‘ (Culture Bridges Nations) کے عنوان کے تحت ہوں گی، جن کا مقصد رومانیہ اور پاکستان کے درمیان ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
رومانیہ کے قومی دن کی تقریبات کا آغاز کراچی سے ہوگا، جہاں ایک خصوصی فوٹو نمائش منعقد کی جائے گی جو دونوں ممالک کے درمیان اکسٹھ سالہ سفارتی تعلقات کی علامت ہے۔ یہ نمائش رومانیہ کے نیشنل آرکائیوز اور وزارتِ خارجہ کے ڈپلومیٹک آرکائیوز کے تعاون سے ترتیب دی گئی ہے۔ بعد ازاں یہ نمائش اسلام آباد اور پشاور میں بھی پیش کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام رومانیہ اور پاکستان کی دوستی کے تاریخی سفر سے آگاہ ہو سکیں۔
تقریبات میں رومانیہ کی معروف سوپرانو گلوکارہ جارجیانا کوسٹیا گلُگا بھی شرکت کریں گی، جو 4 نومبر کو ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں پرفارم کریں گی۔ اگلے روز آرٹس کونسل آف پاکستان میں ان کی شرکت سے اوپیرا ورکشاپ اور رومانی فلموں کی خصوصی نمائش ہوگی، جہاں پاکستانی طلبہ اور ناظرین کو رومانی موسیقی اور فلمی ورثے سے براہِ راست متعارف ہونے کا موقع ملے گا۔ اسی فیسٹیول میں بین الاقوامی ڈانس گروپ Ballet Beyond Borders کی پیشکش میں رومانی فنکاروں سمیت مختلف ممالک کے رقاص اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
رومانیہ کے سفارتخانے نے تعلیمی و ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے نیشنل لائبریری آف پاکستان اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کو رومانی ادب، فن، تاریخ اور فوٹوگرافی پر مبنی کتب کا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اسی دوران نمل یونیورسٹی میں رومینین لینگویج لیکٹریٹ کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا، جس کی نگرانی رومانیہ کی ممتاز ماہرِ لسانیات پروفیسر ڈاکٹر اوانا اُرساشے کریں گی۔ یہ پروگرام رومانیہ کی حکومت کے رومینین لینگویج انسٹی ٹیوٹ اور وزارتِ تعلیم کی مالی معاونت سے مکمل طور پر فنڈ کیا گیا ہے۔ افتتاحی موقع پر پروفیسر اُرساشے رومانیہ کی ملکہ مری (Queen Marie of Romania) کی شخصیت، سفارتی خدمات اور ثقافتی ورثے پر خصوصی لیکچر دیں گی، جس کے ساتھ دستاویزی فلم “Marie – Heart of Romania” بھی دکھائی جائے گی۔
مزید برآں، 15 نومبر کو ایوارڈ یافتہ رومانی فلم “The New Year That Never Came” (2024) کی نمائش کراچی فلم اسکول میں شام سات بجے یورپی فلم فیسٹیول کے حصے کے طور پر کی جائے گی۔ یہ فلم 1989ء کے رومانیہ کے سیاسی و سماجی حالات پر مبنی ایک تاریخی ٹریجیکومیڈی ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔
یہ تمام تقریبات رومانیہ کے سفارتخانے کی جانب سے رومینین کلچرل انسٹی ٹیوٹ، رومینین لینگویج انسٹی ٹیوٹ، رومینین نیشنل آرکائیوز، نمل یونیورسٹی، پاکستان رومانیہ بزنس کونسل، پاکستان رومانیہ فرینڈشپ ایسوسی ایشن اور رومانیہ کے اعزازی قونصلیٹ پشاور کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہیں۔
ڈسکور پاکستان اس پروگرام کا ڈیجیٹل میڈیا پارٹنر اور ہم نیوز اس کا میڈیا پارٹنر ہے۔
ان تقریبات کا مقصد پاکستان اور رومانیہ کے درمیان ثقافتی تعلقات، عوامی روابط اور باہمی احترام کو مزید مضبوط کرنا ہے — ایک رشتہ جو گزشتہ چھ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے دوستی، تعاون اور خیرسگالی کی بنیاد پر قائم ہے۔






