چیئرمین چوہدری ندیم منظور بیگہ کا خطاب — پاکستان اور ترکی کے تعلقات اخوت، محبت اور اعتماد کی روشن مثال ہیں
گجرات (پاسبان نیوز) — فرینڈشپ انٹرنیشنل بزنس گروپ پاکستان کے زیرِ اہتمام پاک ترک فرینڈشپ ویک کے اختتام پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت چیئرمین فرینڈشپ انٹرنیشنل بزنس گروپ پاکستان چوہدری ندیم منظور بیگہ نے کی، جبکہ ڈائریکٹر فرینڈشپ ٹریڈنگ نیٹ ورک گوجرات چوہدری ظہیر اختر چاندیا، ڈائریکٹر فرینڈشپ ٹریڈنگ نیٹ ورک لالہ موسیٰ چوہدری نعیم منظور، ڈائریکٹر فرینڈشپ گروپ مہر وقاص احمد، ڈائریکٹر فرینڈشپ گروپ بحرین سلیمان حنیف، مذہبی اسکالر محمد ثاقب شکیل جلالی (ایم فل اسلامیات، ایڈووکیٹ اسلامک لاء) اور فرینڈشپ گروپ کھاریاں کے جملہ اسٹاف ممبران نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین چوہدری ندیم منظور بیگہ نے کہا کہ “پاکستان اور ترکی کے تعلقات صدیوں پر محیط بھائی چارے اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور سماجی تعلقات میں مزید وسعت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمارا مقصد اس دوستی کو عوامی سطح پر فروغ دینا اور نئے معاشی مواقع پیدا کرنا ہے تاکہ دونوں ملکوں کی نوجوان نسل مستحکم مستقبل کی طرف بڑھ سکے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “فرینڈشپ انٹرنیشنل بزنس گروپ پاکستان ایسے اقدامات جاری رکھے گا جو نہ صرف تجارت بلکہ عوامی سطح پر بھی پاک ترک تعلقات کو مضبوط بنائیں۔”
تقریب میں مقررین نے پاک–ترک دوستی کو عالمِ اسلام کے لیے اتحاد اور تعاون کی مثال قرار دیا۔ مذہبی اسکالر محمد ثاقب شکیل جلالی نے اسلامی بھائی چارے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ترکی اور پاکستان کے عوام کا رشتہ محض سفارتی نہیں بلکہ روحانی اور ایمانی وابستگی پر قائم ہے۔

آخر میں پاکستان اور ترکی کی ترقی، خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔






