مینارِ پاکستان لاہور میں کل پاکستان اجتماعِ عام کی تیاریاں عروج پر — لیاقت بلوچ (ناظم اجتماع) اور ڈاکٹر طارق سلیم (امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی) کا خصوصی دورہ

لاہور (پاسبان نیوز) — لاہور کے تاریخی مقام مینارِ پاکستان پر 21، 22 اور 23 نومبر کو ہونے والے کل پاکستان اجتماعِ عام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اجتماع کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ناظمِ اجتماع لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے مینارِ پاکستان کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر میاں محمد اسلم، چوہدری شوکت لاہور، ذکر اللہ مجاہد، عبدالاسع اور دیگر ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ رہنماؤں نے مختلف انتظامی کمیٹیوں سے ملاقاتیں کیں اور اجتماع کے لیے جاری تیاریوں کا جائزہ لیا، جن میں اسٹیج کی تیاری، ساؤنڈ سسٹم، صفائی، روشنی، پارکنگ اور سکیورٹی کے انتظامات شامل تھے۔

لیاقت بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مینارِ پاکستان میں ہونے والا یہ اجتماع پاکستان کی نظریاتی و سیاسی تاریخ کا ایک نیا باب رقم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ “یہ اجتماع اصلاحِ معاشرہ، استحکامِ پاکستان اور عوامی بیداری کے پیغام کا مظہر ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں افراد کی شرکت سے یہ اجتماع ملک گیر دینی و سماجی تحریک کی صورت اختیار کرے گا۔

ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی، نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اس اجتماع کے ذریعے عوام کو امید، ایمان اور اصلاح کا پیغام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان کے نوجوانوں، مزدوروں، طلبہ اور خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے ہم ایک منظم، منصفانہ اور باوقار پاکستان کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں۔”

اس موقع پر ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ مینارِ پاکستان کا یہ تاریخی مقام ہمیشہ سے تحریکوں کا مرکز رہا ہے، اور اب ایک بار پھر لاہور ایک تاریخی اجتماع کا گواہ بننے جا رہا ہے۔

رہنماؤں نے انتظامی ٹیموں کے جذبے اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تین روزہ اجتماع میں ملک بھر سے ہزاروں کارکنان اور شہری شرکت کریں گے، جبکہ معروف علما، دانشور اور رہنما اصلاحِ معاشرہ، اتحادِ امت اور استحکامِ وطن پر خطاب کریں گے۔

آخر میں ناظمِ اجتماع لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ 21، 22 اور 23 نومبر کو مینارِ پاکستان پہنچ کر اس عظیم دینی و قومی اجتماع کا حصہ بنیں، تاکہ پاکستان میں خیر و اصلاح، عدل و انصاف اور بیداری کی فضا مزید مضبوط ہو۔