پاک میڈیا فورم کا اہم سالانہ اجلاس، تنظیم نو مکمل – نئی قیادت کا اعلان

ریاض (پاسبان نیوز)پاک میڈیا فورم کا اہم سالانہ اجلاس نہایت حوصلہ افزا ماحول میں منعقد ہوا جس میں تنظیم کے اراکین نے بھرپور شمولیت کے ساتھ آئندہ ایک سال کے لیے تنظیمی ڈھانچے کی ازسرِنو تشکیل مکمل کی۔ اجلاس کے دوران اراکین نے باہمی مشاورت، تجاویز اور مشوروں کی روشنی میں فورم کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور کمیونٹی سے جڑے اہم امور کو بہتر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے نئی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اتفاقِ رائے سے الیاس رحیم کو چیئرمین، وقار نسیم وامق کو وائس چیئرمین، ذکاءاللہ محسن کو صدر، رانا محمد عظیم کو نائب صدر، اجمل منہاس کو جنرل سیکرٹری، حسیب گوندل کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری، عمران اعوان کو انفارمیشن سیکرٹری جبکہ زرین خان کو جوائنٹ سیکرٹری کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

اجلاس کے دوران مقررین نے کہا کہ پاک میڈیا فورم ہمیشہ سے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی نمائندگی اور ان کی مثبت سرگرمیوں کو اُجاگر کرنے میں پیش پیش رہا ہے، اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔ اراکین کا کہنا تھا کہ فورم کا بنیادی مقصد نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کو میڈیا کے ذریعے مضبوط آواز دینا ہے بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید تقویت دینا بھی اس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ نئی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فورم سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل، کامیابیوں، ثقافتی سرگرمیوں اور سماجی خدمات کو پیشہ ورانہ انداز میں سامنے لاتا رہے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام اور اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری برقرار رہے۔

اجلاس کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ نئے منتخب عہدیداران اپنی ذمہ داریاں محنت، ایمانداری اور ٹیم ورک کے ساتھ نبھاتے ہوئے پاک–سعودی تعلقات، کمیونٹی تعمیر، میڈیا تعاون اور مثبت صحافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں گے۔ اجلاس کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا کہ اللہ تعالیٰ فورم کی کاوشوں کو کامیابی عطا فرمائے اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں۔