اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) اسلام آباد کیپٹل کے صدر سردار رضوان صادق خان کی جانب سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر محمد طارق حسن کے اعزاز میں ایک پر وقار عشائیہ دیا گیا، جس میں پارٹی کے سینئر نائب صدر اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے مسلم لیگ (ق) کی موجودہ سیاسی حکمتِ عملی، تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں پارٹی کے مؤقف اور پیغام کو گھر گھر پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قیادت اور کارکنان کی باہمی ہم آہنگی، اتحاد اور مثبت سوچ پارٹی کی اصل طاقت ہیں، اور یہی وہ بنیاد ہے جس پر مسلم لیگ (ق) اپنی آئندہ سیاسی جدوجہد استوار کر رہی ہے۔

پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مشیر محمد طارق حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی مدبرانہ رہنمائی میں مسلم لیگ (ق) نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کے لیے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی وزارت نے جو عملی اقدامات کیے، ان سے بیرون ملک پاکستانیوں کو حقیقی اور فوری ریلیف ملا ہے۔ اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں دو ہزار سے زائد پاکستانیوں کی شرکت، اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے ساتھ ساتھ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خصوصی موجودگی اس کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ چوہدری سالک حسین نے ہمیشہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے، اور ان کی مسلسل کوششوں کے مثبت اثرات پوری دنیا میں موجود پاکستانی برادری تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی اور مؤثر کردار اسی وقت ممکن ہے جب قیادت اور کارکن ایک ہی سمت میں سفر کریں۔
تقریب کے میزبان سردار رضوان صادق خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) اپنے قائدین چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری سالک حسین کی قیادت میں متحد، فعال اور منظم ہے۔ یہ ایک نظریاتی سیاسی جماعت ہے جو قومی مفاد، جمہوری روایات اور عوامی خدمت کے اصولوں پر کاربند ہے۔
تقریب کا اختتام باہمی خیر سگالی، اتحاد اور پارٹی کے روشن مستقبل کے عزم کے ساتھ ہوا۔






