ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان انویسٹرز فورم کی جانب سے سندھ کے صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی علی راشد کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں سفارتی افسران، آئی ٹی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی علی راشد نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ایک بڑے آئی ٹی حب کے طور پر دنیا کے سامنے آ رہا ہے اور سندھ حکومت اس شعبے میں عالمی معیار کے مطابق اقدامات کر رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اب تک پینتیس ہزار نوجوانوں کو گوگل کی تعلیم سے آراستہ کیا جا چکا ہے جو پاکستان کے آئی ٹی مستقبل کی مضبوط بنیاد ہے، علی راشد نے زور دیا کہ نوجوان نسل کو جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنا چاہئے اور حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
سفارت خانہ پاکستان ریاض کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی صاعد عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی ویژن 2030 کے تحت سعودی عرب میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے متعلق متعدد منصوبے جاری ہیں اور اس شعبے میں پاکستانی ماہرین اور کمپنیوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انویسٹرز فورم کے فہد علی صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے حوالے سے حکومت کی مثبت پالیسی اور ڈائریکشن واضح ہو چکی ہے اور خوشی کی بات ہے کہ اس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
تقریب سے انویسٹرز فورم کے صدر غلام صفدر، وائس چیئرمین خالد راجہ، سیکرٹری جنرل ظفر جاوید اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان آئی ٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آئی ٹی کے میدان میں شراکت داری نہ صرف کاروباری مواقع کو بڑھائے گی بلکہ نوجوان نسل کے لیے روزگار اور ترقی کی نئی راہیں بھی کھولے گی۔






