یہ اجتماع عام ملک میں مثبت تبدیلی اور نظامِ عدل کے قیام کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگا
لاہور، شاہد حمید ڈار سے: جماعت اسلامی پاکستان کے کامیاب اور تاریخی اجتماعِ عام پر جماعت اسلامی پنجاب شمالی کے امیر اور نائب ناظم اجتماع ڈاکٹر طارق سلیم نے امیر جماعت حافظ نعیم الرحمٰن، ناظم اجتماع لیاقت بلوچ، مرکزی و صوبائی قیادت اور ملک بھر سے شریک ہونے والے مرد و خواتین ارکان و کارکنان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے خصوصی بیان میں ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ لاکھوں افراد کی پرامن، باوقار اور مثالی شرکت نے اس اجتماع کو پاکستان کی سیاسی و سماجی تاریخ کا منفرد واقعہ بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع نہ صرف جماعت اسلامی کی تنظیمی قوت کا مظہر ہے بلکہ پاکستان میں منصفانہ اور شفاف نظام کے قیام کی ایک بھرپور تحریک کا آغاز بھی ہے۔
“اگر جماعت اسلامی کے لوگ اقتدار میں آئیں تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے”
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ لاکھوں افراد پر مشتمل اس اجتماع کی نظم و ضبط اور مثالی انتظام کاری نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ جماعت اسلامی ایک اصولی، منظم، باکردار اور ذمہ دار سیاسی قوت ہے۔
انہوں نے کہا:
“یہ اجتماع عملی ثبوت ہے کہ اگر جماعت اسلامی کے کارکنان اور قیادت کو اقتدار دیا جائے تو وہ ملک کے انتظامی ڈھانچے کو بدلنے اور پاکستان کی تقدیر سنوارنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔”

ڈاکٹر طارق سلیم نے اس بات پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سیاسی و تنظیمی سرگرمیاں انجام دیتی ہے۔
انہوں نے کہا:
“لاکھوں افراد کے اجتماع میں نہ کوئی بدمزگی ہوئی، نہ بدنظمی، نہ ٹریفک میں خلل، اور نہ ہی کوئی ایک گملا یا پودا تک ٹوٹا۔ یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک نایاب مثال ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اس پرامن اور منظم اجتماع نے ثابت کر دیا کہ جماعت اسلامی کا نظم و نسق، اس کی تربیت، اور کارکنان کا اخلاقی معیار ملکی سطح پر ایک مثالی معیار رکھتا ہے۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ یہ اجتماع عام محض ایک تنظیمی سرگرمی نہیں بلکہ پاکستان میں نظام کی تبدیلی، عوامی بیداری اور حقیقی جمہوری جدوجہد کا نقطۂ آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بدعنوانی، مہنگائی، سیاسی عدم استحکام، اور ادارہ جاتی کمزوریوں کا شکار ہے اور ایسے حالات میں جماعت اسلامی ہی وہ سیاسی قوت ہے جو دیانت، نظم و ضبط اور اصولی سیاست کے ذریعے ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے اجتماع کے انتظامات، حفاظت، نظم و ضبط اور کارکنان کی انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہہوئےے کہا کہ ایسے پُرامن اور مثالی اجتماعات پاکستان میں سیاسی ثقافت کے معیار کو بلند کرتے ہیں۔

انہوں نے آخر میں کہا:
“ہمیں اس اجتماع کو ملک میں ایک نئی جدوجہد کی بنیاد بنا کر آگے بڑھنا ہے۔ یہ اجتماع ثابت کرتا ہے کہ پاکستان میں مثبت تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے۔”







