اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) کی نامزد مرکزی نائب صدر انیلہ ایاز چوہدری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے جاری قرض پروگرام پر پیش رفت کو مضبوط اور تسلی بخش قرار دینا اس بات کی واضح نشاندہی کرتا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور شفافیت کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔اپنے تفصیلی بیان میں انیلہ ایاز چوہدری نے کہا کہ آئی ایم ایف کی مثبت رپورٹ اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے معیشت کے استحکام کے لیے مشکل مگر ناگزیر فیصلے کیے، جن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مالی نظم و ضبط، ٹیکس نظام میں اصلاحات، بجٹ خسارے میں کمی اور حکومتی اخراجات پر کنٹرول کو اہم کامیابیاں قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے اعتماد کا اظہار عالمی مالیاتی اداروں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے، جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھا سکتا ہے۔ ان کے مطابق معیشت میں استحکام طویل المدتی ترقی کے لیے ضروری ہے۔انیلہ ایاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھتی ہے اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ہر مثبت اور تعمیری اقدام کی حمایت جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت ذاتی یا سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی ترقی کے ایجنڈے پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی انتہائی ضروری ہیں۔ ان کے مطابق تمام سیاسی قوتوں کو باہمی تعاون سے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔انیلہ ایاز چوہدری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) عوامی خدمت اور قومی ترقی کے ایجنڈے پر ثابت قدم ہے اور ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو پاکستان کو معاشی خودمختاری اور پائیدار ترقی کی جانب لے جائے۔





