گجرات: ٹی ایچ کیو اسپتال کھاریاں میں مستحق مریضوں کو مفت ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات محترمہ نورالعین اور سٹیزن ویلفیئر سوسائٹی کھاریاں کی سینیئر منیجر میڈم عروسہ زمان کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کیے گئے۔
معاہدے کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات اسپتال میں ڈائیلاسز سینٹر کے قیام کے لیے بنیادی ڈھانچہ، ہیومن ریسورس اور یوٹیلیٹیز (بجلی، پانی و دیگر سہولیات) کے اخراجات برداشت کرے گی، جبکہ سٹیزن ویلفیئر سوسائٹی کھاریاں کی جانب سے پانچ جدید ڈائیلاسز مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مشینوں کے آپریشنل اخراجات بھی سوسائٹی خود برداشت کرے گی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ذوالفقار احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عطاء المنعم سمیت ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
شرکاء نے اس اقدام کو عوامی فلاح و بہبود کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مفت ڈائیلاسز سینٹر کے قیام سے گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج کی سہولت ان کی دہلیز پر میسر آئے گی، جبکہ نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے باہمی تعاون سے صحت کے شعبے میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔






