
اسلام آباد
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قرآن و سنّت تحریک پاکستان کے نام سے ایک نئی سیاسی جماعت کو باضابطہ طور پر رجسٹر کر لیا ہے، جس کے بعد ملک کی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست میں ایک اور جماعت کا اضافہ ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی رجسٹر ہونے والی جماعت کی قیادت چیئرمین ابتسام الٰہی زہیر کر رہے ہیں جبکہ جماعت کے انٹرا پارٹی انتخابات بھی الیکشن کمیشن نے تسلیم کر لیے ہیں جو رجسٹریشن کے لیے قانونی تقاضا ہوتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد قرآن و سنّت تحریک پاکستان اب انتخابی قوانین کے تحت اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے اور آئندہ عام یا ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں الیکشن کمیشن نے دیگر چند نئی سیاسی جماعتوں کو بھی رجسٹر کیا ہے جسے مبصرین ملک میں سیاسی سرگرمیوں اور نئی سیاسی آوازوں کے ابھرنے کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئی جماعتوں کی رجسٹریشن سے ایک طرف جمہوری عمل کو وسعت ملتی ہے تو دوسری جانب ووٹرز کے لیے انتخاب کے مزید مواقع پیدا ہوتے ہیں، تاہم اصل کامیابی کا انحصار عوامی پذیرائی اور عملی سیاست میں مؤثر کردار پر ہوتا ہے





