غزہ:
غزہ کی پٹی میں شدید سرد موسم اور جنگ سے تباہ حال انفراسٹرکچر نے ایک اور انسانی المیے کو جنم دے دیا۔ شاطی پناہ گزین کیمپ میں ایک جنگ سے متاثرہ خاندانی گھر کی چھت طوفانی بارش اور سردی کے باعث منہدم ہو گئی، تاہم امدادی کارکنوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چھ فلسطینیوں کو ملبے سے زندہ نکال لیا جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق منہدم ہونے والا مکان پہلے ہی بمباری سے کمزور ہو چکا تھا، جبکہ حالیہ شدید موسمی صورتحال نے خطرات میں مزید اضافہ کر دیا۔ امدادی ٹیموں کو محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود ریسکیو آپریشن مکمل کرنا پڑا۔
دوسری جانب غزہ کی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ دو ہفتے کا ایک فلسطینی نومولود شدید سردی کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ حکام کے مطابق ایندھن، گرم کپڑوں اور محفوظ رہائش کی قلت نے خاص طور پر بچوں اور معمر افراد کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔ طبی اور انسانی حقوق کے اداروں کا کہنا ہے کہ مسلسل محاصرہ، جنگی تباہی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہو چکا ہے، جبکہ سرد موسم نے صورتحال کو اور بھی جان لیوا بنا دیا ہے۔
بین الاقوامی تنظیموں نے فوری انسانی امداد، عارضی رہائش اور طبی سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ایسے واقعات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔





