
پاسبان نیوز کھاریاں: پریس کلب کھاریاں کے آئندہ انتخابات کے سلسلے میں انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے، جہاں ورکنگ جرنلسٹس پینل نے اپنے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ صحافتی برادری میں اس اعلان کو ایک مضبوط، منظم اور متحرک انتخابی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ورکنگ جرنلسٹس پینل کی جانب سے
صدر کے عہدے کے لیے سید تنویر احمد نقوی، جنرل سیکرٹری کے لیے آفتاب احمد نذر، نائب صدر کے لیے سلیم اختر اور سیکرٹری فنانس کے لیے ملک علی ظفر کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔
پینل کے امیدواروں کا کہنا ہے کہ ان کا منشور صحافیوں کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ، آزادیٔ صحافت، فلاح و بہبود، ادارہ جاتی مضبوطی اور پریس کلب کو فعال صحافتی مرکز بنانے پر مبنی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کامیابی کی صورت میں کھاریاں کی صحافتی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پریس کلب کھاریاں کے انتخابات جنوری کے اوائل میں منعقد ہوں گے، جس کے لیے انتخابی ماحول دن بدن گرم ہوتا جا رہا ہے۔ مختلف صحافتی حلقوں میں ملاقاتوں، مشاورتی نشستوں اور انتخابی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ووٹرز کی بڑی تعداد انتخابات کو پریس کلب کے مستقبل کے لیے فیصلہ کن مرحلہ قرار دے رہی ہے۔ صحافی برادری کا کہنا ہے کہ اس بار کا انتخاب محض عہدوں تک محدود نہیں بلکہ یہ پریس کلب کھاریاں کی سمت، وقار اور کردار کے تعین کا انتخاب ہے، جس میں ووٹ کی طاقت سے ایک مضبوط اور باوقار قیادت سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔






