
موسمِ سرما میں فضائی سفر کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیشِ نظر دبئی ایئرپورٹس نے مسافروں کو لیتھیم آئن بیٹریوں اور پاور بینکس کے محفوظ استعمال اور سفری ضوابط سے متعلق اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ ہدایات انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) کی عالمی حفاظتی مہم کے تحت دوبارہ شیئر کی گئی ہیں، تاکہ سفر کے دوران ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔
یہ یاد دہانی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایمرٹس اور فلائی دبئی نے اکتوبر میں پاور بینکس اور لیتھیم بیٹریوں سے متعلق اپنی پالیسیوں میں تازہ اپ ڈیٹس کی تھیں۔ حکام کے مطابق موبائل فون، لیپ ٹاپ، کیمرے، پاور بینکس اور ای سگریٹس میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریاں عام طور پر محفوظ ہوتی ہیں، تاہم غلط پیکنگ یا نقصان پہنچنے کی صورت میں آگ لگنے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
IATA کی تحقیق کے مطابق اگرچہ 93 فیصد مسافر دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ بیٹری سے متعلق سفری قوانین سے واقف ہیں، تاہم تقریباً نصف مسافر اب بھی ان آلات کو غلط طریقے سے پیک کرتے ہیں، خاص طور پر چیک اِن بیگیج میں رکھنا ایک بڑا حفاظتی مسئلہ ہے۔
دبئی ایئرپورٹس کی جانب سے مسافروں کے لیے 7 اہم ہدایات:
- پاور بینکس اور اضافی لیتھیم بیٹریاں صرف ہینڈ کیری بیگ میں رکھیں، چیک اِن سامان میں ہرگز نہ رکھیں۔
- خراب، پھولی ہوئی یا نقصان زدہ بیٹریوں کے ساتھ سفر سے گریز کریں۔
- پاور بینکس کو شارٹ سرکٹ سے بچانے کے لیے محفوظ کور یا کیس میں رکھیں۔
- پرواز کے دوران پاور بینک کو چارج کرنے یا سیٹ کے پاور ساکٹ سے جوڑنے سے گریز کریں (ایئرلائن پالیسی کے مطابق)۔
- ای سگریٹس اور ویپ ڈیوائسز آن حالت میں یا چارجنگ پر نہ رکھیں۔
- ہر ایئرلائن کی مخصوص پاور بینک پالیسی پر سفر سے قبل عمل کریں۔
- کسی بھی شبہ کی صورت میں ایئرپورٹ عملے یا ایئرلائن کاؤنٹر سے فوری رہنمائی حاصل کریں۔
دبئی ایئرپورٹس انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھر سے روانگی سے قبل اپنی ایئرلائن کی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن سے تازہ ہدایات ضرور چیک کریں، تاکہ سفری تاخیر یا حفاظتی مسائل سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق ان ہدایات پر عمل نہ صرف مسافروں کی اپنی حفاظت بلکہ دیگر مسافروں اور فضائی عملے کی سلامتی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔






