
پاسبان نیوز لاہور (20 دسمبر 2025):
گلبرگ کالج میں تعلیمی وقار، روایت اور شکرگزاری کی خوبصورت مثال قائم کرتے ہوئے الوداعی سالانہ ملاقات کا انعقاد کیا گیا، جس میں جنوری سے دسمبر 2025 کے دوران ریٹائر ہونے والے معزز اساتذہ اور طویل عرصہ خدمات انجام دینے کے بعد دیگر تعلیمی اداروں میں تعینات ہونے والے ساتھیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔
رنگوں اور خوشبوؤں سے سجی اس شام نے گلبرگ کالج کی علمی و تہذیبی روایات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ اس موقع پر
پروفیسر ڈاکٹر ٹمینہ ندیم، ڈاکٹر صبحہ ملک، مسز فوزیہ ارشد، ڈاکٹر شاہدہ سہیل (پرنسپل، گورنمنٹ کالج علامہ اقبال ٹاؤن) اور مسز ارم اسماعیل کے اعزاز میں خصوصی تقریب سجائی گئی، جہاں ان کی علمی خدمات، تدریسی وابستگی اور ادارے کے لیے گراں قدر کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں ریٹائر ہونے والے اساتذہ کی بڑی تعداد کی شرکت اس امر کی واضح عکاس تھی کہ گلبرگ کالج سے وابستگی محض ملازمت نہیں بلکہ ایک اعزاز اور تاحیات رشتہ ہے۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلبرگ کالج کی شناخت اس کے اساتذہ کی علمی دیانت، تربیتی بصیرت اور ادارے سے غیر متزلزل وابستگی سے ہے۔
اساتذہ نے اپنے تاثرات میں ادارے سے وابستہ یادوں، پیشہ ورانہ تجربات اور طلبہ کے ساتھ گزارے لمحات کو زندگی کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ اعزاز کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ گلبرگ کالج کی درخشاں تعلیمی روایات نہ صرف موجودہ اساتذہ بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ہیں، جو اس ادارے کو تعلیمی میدان میں ممتاز مقام عطا کرتی ہیں۔






