
جماعت اسلامی یونین کونسل گنجہ کے رہنما محمد عارف خان نے کہا ہے کہ بلدیات کوئی ایسا ادارہ نہیں جس پر صوبائی حکومت کا قبضہ قبول کر لیا جائے، بلکہ بلدیاتی ادارے باقاعدہ حکومتیں ہیں جو نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل اور جمہوریت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی بنیادی اساس ہے، مگر اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے بجائے صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلدیاتی اداروں کو بے اختیار کرنا عوامی حقِ حکمرانی کی نفی ہے۔ محمد عارف خان نے مطالبہ کیا کہ آئین کے مطابق فوری طور پر بااختیار بلدیاتی نظام بحال کیا جائے تاکہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق اور مقامی سطح پر فیصلہ سازی کا حق مل سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوامی مفاد، آئینی بالادستی اور مضبوط بلدیاتی نظام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔






