پاسبان نیوز : جماعت اسلامی پی پی 32 کے زیرِ اہتمام عوامی شعور بیدار کرنے اور نظامِ حکومت میں بنیادی اصلاحات کے لیے ’’بدل دو نظام کنونشن‘‘ کا انعقاد 06 جنوری 2026 بروز منگل، دوپہر 1:00 بجے مدثر میرج ہال، کنجاہ میں کیا جائے گا۔
کنونشن کی اہمیت اس اعتبار سے بھی دوچند ہو گئی ہے کہ مرکزی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان، امیر العظیم ایک روزہ دورے پر گجرات تشریف لا رہے ہیں اور اس موقع پر کنونشن سے خصوصی خطاب کریں گے۔ اپنے خطاب میں وہ ملک کے موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی نظام پر جماعت اسلامی کے مؤقف کی وضاحت کریں گے اور عوام کو منصفانہ، اسلامی اور فلاحی نظام کی جدوجہد میں کردار ادا کرنے کا پیغام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق امیر العظیم اس دورے کے دوران جماعت اسلامی ضلع گجرات کی دعوتی، تربیتی، تنظیمی اور سیاسی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیں گے اور ذمہ داران و کارکنان کو آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے رہنمائی فراہم کریں گے۔ کنونشن میں جماعت اسلامی کے مقامی قائدین، کارکنان، سماجی شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ’’بدل دو نظام کنونشن‘‘ کا مقصد عوام کو موجودہ فرسودہ نظام کے متبادل ایک باکردار، دیانت دار اور عوام دوست نظام کے لیے منظم کرنا ہے، تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنایا جا سکے۔
کنونشن کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں شرکت کر کے اس قومی جدوجہد کا حصہ بنیں۔






