پاسبان نیوز کھاریاں: کھاریاں پریس کلب (رجسٹرڈ) کے سالانہ امور کے سلسلے میں سال کے اختتام پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت حاجی عبدالروف صدر پریس کلب کھاریاں نے کی۔ اجلاس میں پریس کلب کے تمام ممبران نےبھرپور شرکت کی اور تنظیمی و انتخابی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی عبدالروف نے بطور صدر آخری خطاب کیا، جس میں انہوں نے اپنی مدتِ صدارت کے دوران پریس کلب کے لیے کی گئی کوششوں کا ذکر کیا اور صحافی برادری کے اتحاد و وقار پر زور دیا۔ اس موقع پر ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام اعزازی ممبران کو مستقل ممبر کا درجہ دے دیا گیا، جس کے ساتھ انہیں ووٹ ڈالنے کا حق بھی باضابطہ طور پر فراہم کر دیا گیا۔
اجلاس کے دوران پریس کلب کھاریاں کے آئندہ انتخابات کے لیے الیکشن بورڈ کا بھی اعلان کیا گیا۔
الیکشن بورڈ کے مطابق چیئرمین الیکشن بورڈ چوہدری محبوب ڈولہ ہونگے جبکہ ممبران میں چوہدری انور چوہان، تسکین امجد خان، ملک ثاقب محمود اور قاری شبیر شاہد شامل ہونگے
الیکشن بورڈ نے انتخابی شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار 25 دسمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا سکیں گے۔
کاغذاتِ نامزدگی کی اسکرونٹی 26 دسمبر کو کی جائے گی جبکہ 27 دسمبر کو کاغذاتِ نامزدگی کو حتمی شکل دی جائے گی۔
پریس کلب کھاریاں کے انتخابات 3 جنوری کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک منعقد ہوں گے۔
صحافی برادری کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی پریس کلب کھاریاں کے انتخابات کا میدان پوری طرح سج چکا ہے اور آئندہ دنوں میں انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔ یہ انتخابات صحافتی اقدار، آزادیٔ صحافت اور تنظیمی استحکام کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔






