پاسبان نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے حالیہ بیان کو پارٹی کے سرکاری مؤقف کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس سے واضح طور پر لاتعلقی اختیار کر لی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے بھیک مانگنے کی نوبت آچکی ہے اور اس صورتحال میں دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنوں کا بھی کردار شامل ہے۔
اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی سطح پر اس بیان کی تردید کی جا چکی ہے اور یہ رائے پارٹی کی پالیسی کی نمائندگی نہیں کرتی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بیرسٹر گوہر نے عجلت میں یہ بات کہی اور ملاقاتوں کے لیے بھیک مانگنے کا تاثر دینا نہ صرف نامناسب بلکہ حقائق کے منافی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی ایسی غلطی نہیں ہوئی جس کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندیاں عائد کی جائیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت سے کسی بھی قسم کی بات چیت اسی صورت ممکن ہوگی جب بانی پی ٹی آئی پر عائد تمام ناجائز قدغنیں ختم کی جائیں گی۔






