پاسبان نیوز: لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کے پہلے کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے صوبہ بھر سے تعلق رکھنے والے 55 ہزار کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز سے خطاب کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے فیلڈ میں متحرک اور تربیت یافتہ ہیلتھ انسپکٹرز کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز صوبے میں بیماریوں کی بروقت نشاندہی، احتیاطی تدابیر کے فروغ اور صحت سے متعلق آگاہی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی صحت کے شعبے میں جدید خطوط پر اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پروگرام پنجاب میں صحت کے نظام میں ایک تاریخی پیش رفت ثابت ہوگا۔






