پاسبان نیوز اٹک: امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب کے متنازع بلدیاتی قانون اور جماعتِ اسلامی کی جانب سے 15 جنوری کو ملک بھر میں ہونے والے عوامی ریفرنڈم کے حوالے سے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا بلدیاتی قانون جعلی، جمہوریت دشمن اور عوام سے نفرت کا کھلا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی 15 جنوری کو عوامی ریفرنڈم کے ذریعے اس کالے قانون کو مسترد اور بااختیار، نچلی سطح تک منتقل اختیارات پر مبنی بلدیاتی نظام کے حق میں عوامی رائے حاصل کرے گی۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے نتائج سامنے آنے کے بعد پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا تاکہ عوامی مطالبات کو ایوانوں تک پہنچایا جا سکے۔
امیر جماعتِ اسلامی نے مزید اعلان کیا کہ ملک پر مسلط آئی پی پیز مافیا کے خلاف بھی ایک مرتبہ پھر منظم اور بھرپور عوامی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور معاہدوں کے ذریعے عوام کا خون نچوڑنے والے عناصر کو مزید لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعتِ اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ، شفاف نظامِ حکومت اور حقیقی جمہوریت کے قیام کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی، اور بلدیاتی نظام کو کمزور کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔






