پاسبان نیوز | عالمی امور امریکی تکبر اور نوآبادیاتی ذہنیت اب قابلِ قبول نہیں، چین کا دوٹوک مؤقف
چین نے عالمی سطح پر امریکا کے رویّے پر سخت تنقید کرتے ہوئے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکی تکبر اور غرور کا خاتمہ ہونا چاہیے اور نوآبادیاتی ذہنیت کو مکمل طور پر اکھاڑ پھینکنا وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔
چینی حکام کے مطابق موجودہ عالمی حالات میں طاقت کے زور پر فیصلے مسلط کرنے، بالادستی کے دعووں اور یکطرفہ اقدامات کی پالیسی مہذب دنیا کے لیے اب قابلِ قبول نہیں رہی۔ چین کا کہنا ہے کہ عالمی نظام کو باہمی احترام، خودمختاری کے اصول اور بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہیے، نہ کہ طاقت اور دباؤ کی سیاست پر۔
چین نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے جہاں ممالک برابری کی سطح پر تعاون چاہتے ہیں، جبکہ سرد جنگ کی سوچ اور نوآبادیاتی طرزِ فکر عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔ چینی مؤقف کے مطابق عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ یکطرفہ بالادستی کے رجحانات کی حوصلہ شکنی کرے اور کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنائے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق چین کا یہ بیان عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور عالمی نظام کی تشکیلِ نو کے تناظر میں نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے، جو آنے والے دنوں میں بین الاقوامی سفارتی صف بندی پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔






