پاسبان نیوز | عالمی سفارت کاری: ترکیہ یمن کی خودمختاری اور سالمیت کا حامی، علاقائی دانشمندی نے کشیدگی بڑھنے سے روکی: حاقان فیدان
: ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے یمن کی صورتحال پر ترکیہ کے واضح مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ یمن کی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک، بالخصوص سعودی عرب کی جانب سے جس دانشمندی اور تحمل کا مظاہرہ کیا گیا، اس کے باعث یمن میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکا۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکیہ خطے میں امن و استحکام کو ناگزیر سمجھتا ہے اور یمن بحران کا حل صرف بات چیت اور سفارتی ذرائع سے ممکن ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طاقت کے استعمال کے بجائے سیاسی مفاہمت ہی پائیدار امن کی ضمانت بن سکتی ہے۔
حاقان فیدان نے یمن میں امن کے لیے سلطنتِ عمان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ترکیہ یمن میں ثالثی کی کوششوں پر عمان کا شکر گزار ہے۔ ان کے مطابق عمان کی سفارتی کاوشوں نے فریقین کے درمیان رابطے اور کشیدگی میں کمی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ترکیہ کا یہ بیان خطے میں متوازن سفارت کاری، علاقائی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ یمن بحران میں علاقائی طاقتوں کے کردار کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کرتا ہے۔






