پاسبان نیوز: اسلام آباد میں منعقد ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل ہو گیا ہے اور یہ ٹیمیں بالترتیب 175 کروڑ اور 185 کروڑ روپے میں فروخت کر دی گئی ہیں۔
پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم ایف کے ایس گروپ نے ایک ارب 75 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دے کر خریدی۔ امریکہ میں کرکٹ کی مختلف ٹیموں کے مالک اس سرمایہ کار گروپ نے ٹیم کے نام کے لیے حیدرآباد شہر کا انتخاب کیا۔
پہلے راؤنڈ میں ریزرو پرائس یا کم از کم قیمت ایک ارب دس کروڑ روپے رکھی گئی تھی۔ بولی کا آغاز انویریکس نے 111 کروڑ روپے سے کیا لیکن دیگر کمپنیوں نے بولی کی رقم بڑھا کر 125 کروڑ روپے تک پہنچا دی۔
اس کے بعد صرف دو کمپنیاں آئی ٹو سی اور ایف کے ایس ہی میدان میں رہ گئیں۔ آئی ٹو سی نے 142 کروڑ روپے کی بولی لگائی تو ایف کے ایس کے بولی بڑھانے سے بات 155 کروڑ تک جا پہنچی۔
یہاں پرزم گروپ نے پانچ منٹ کا وقفہ مانگا تو ایسا لگنے لگا کہ اب یہ کمپنی بھی بھاری رقم کی بولی لگائے گی۔ پانچ منٹ کا وقفہ ختم ہوا تو بھی پرزم نے کوئی بولی نہ لگائی۔ اس دوران آئی ٹو سی بولی بڑھاتے بڑھاتے 170 کروڑ پر لے گئی لیکن جب ایف کے ایس نے 175 کروڑ کی بولی لگائی تو کسی بھی بولی دہندہ کے پاس اس کا جواب نہ تھا۔
ایف کے ایس گروپ کے نمائندے نے بولی کے بعد منتظمین کو بتایا کہ ’منصوبہ یہی تھا کہ خالی ہاتھ نہیں جانا۔‘
دوسری ٹیم کے لیے بولی کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا تو ابتدائی قیمت 170 کروڑ روپے رکھی گئی۔ اب میدان میں آٹھ کمپنیاں رہ گئی تھیں۔ ایم نیکسٹ انکارپوریٹڈ نے پہلی بولی 171 کروڑ روپے کی لگائی۔ رقم بڑھتے بڑھتے 173 کروڑ روپے تک پہنچی تو آئی ٹو سی نے پانچ منٹ کا وقفہ مانگ لیا۔ پانچ منٹ کے وقفے کے بعد ان کی بولی تھی 175 کروڑ روپے۔
اس کے بعد مزید بولیاں بھی آئیں اور 178 کروڑ روپے پر جا کر یہ معاملہ انجام تک پہنچتا محسوس ہوا۔ کوئی بھی بولی دہندہ اس سے اوپر جانے کے لیے تیار نظر نہ آتا تھا۔ اسکرین پر آخری 30 سیکنڈ والا ٹائمر بھی چلنا شروع ہو گیا تھا، لیکن آخری 24 ویں سیکنڈ پر آئی ٹو سی کی طرف سے بولی آئی 180 کروڑ روپے کی۔






