اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن حل ہو گئے ہیں جبکہ حکومتِ پاکستان اور پاکستان اسپورٹس بورڈ نےاس ماہ منعقد ہونے والی ایشیا/پیسفک گول بال چیمپئن شپ 2025 کے انعقاد کے لئے مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
وفاقی وزیر برائے انٹرا پروونشل کوآرڈینیشن (IPC) رانا ثناء اللہ، سیکریٹری آئی پی سی محی الدین احمد وانی اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ محمد یاسر پیرزادہ سے PBSF کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقاتیں کیں۔ وفد میں فیڈریشن کے صدر محمد وقاص، نائب صدر شہزاد جاوید اور جنرل سیکریٹری بلال جاوید شامل تھے۔
ملاقاتوں میں ایشیا/پیسفک گول بال چیمپئن شپ 2025 کی تیاریوں اور انتظامی معاملات پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ اس موقع پر حکام نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار اس نوعیت کی بین الاقوامی گول بال چیمپئن شپ کا انعقاد نہ صرف ایک تاریخی موقع ہوگا بلکہ یہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔
صدر PBSF محمد وقاص نے حکومتی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ معذور کھلاڑیوں خصوصاً نابینا ایتھلیٹس کے لئے حوصلہ افزائی اور پاکستان کے لئے اعزاز ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن بھرپور تیاریوں کے ساتھ اس ایونٹ کو یادگار بنائے گی تاکہ پاکستان کا پرچم عالمی کھیلوں کے میدان میں بلند ہو۔
پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن اور حکومتی اداروں کے اشتراک سے متوقع ہے کہ ایشیا/پیسفک گول بال چیمپئن شپ 2025 ایک شاندار اور تاریخی ایونٹ ثابت ہوگا، جو پاکستان کے کھیلوں کے مستقبل کے لئے نئی راہیں کھولے گا۔






