پاکستان مسلم لیگ (ق) کا شعبہ خواتین کی مرکزی سینئر نائب صدر محترمہ مرحومہ بشری فردوس کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

پاکستان مسلم لیگ ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کی شعبہ خواتین کی جانب سے شعبہ خواتین کی مرکزی سینئر نائب صدر محترمہ مرحومہ بشری فردوس صاحبہ کی یاد میں ایک پُر وقار تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی قائدین، رہنماؤں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جن میں خواتین کی بڑی تعداد کے علاوہ مرحومہ کے صاحبزادے میاں قاسم اور فیملی کے ممبران بھی شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی محترمہ فرخ خان اور پاکستان مسلم لیگ (ق) اسلام آباد کیپٹل کے صدر سردار رضوان صادق خان نے مرحومہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ بشری فردوس صاحبہ کی بےلوث خدمات، پارٹی قیادت کے ساتھ ان کی لازوال حمایت اور وفاداری مثالی حیثیت رکھتی ہیں۔


مرکزی رہنماوں آمنہ سلیم، ڈاکٹر رحیم اعوان، جنرل سیکرٹری اسلام آباد کیپٹل چوہدری جہانگیر، جنرل سیکرٹری اسلام آباد کیپٹل شعبہ خواتین زینت راجپوت ، فوزیہ ناز، میم بخاری، نائلہ چوہدری، ثریا نسیم ، عاطف مغل اور ملک عمران نے بھی خطاب کرتے ہوئے مرحومہ کی سیاسی جدوجہد اور پارٹی کے لیے ان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
مقررین نے کہا کہ مرحومہ نے اپنی زندگی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے وقف کی۔ وہ ہمیشہ اصول، دیانت اور عوامی خدمت کو سیاست کا محور سمجھتی رہیں۔ مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ رہیں۔ وہ کارکنوں کے لیے ایک رہنما ہی نہیں بلکہ ایک مشفق بہن اور رہبر کی حیثیت رکھتی تھیں۔
تقریب کے اختتام پر پارٹی کے علماء و مشائخ ونگ کے صدر چراغ الدین شاہ نے مرحومہ کے ایصال ثواب، مغفرت اور بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ شرکاء نے اس موقع پر عہد کیا کہ مرحومہ بشری فردوس کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ق) کو مزید مضبوط، متحد اور عوامی خدمت کے لیے فعال بنایا جائے گا۔
مرحومہ بشری فردوس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ لیکن ان کی یاد اور ان کا مشن پارٹی کارکنوں اور قیادت کے دلوں میں زندہ رہے گا۔ اللہ تعالٰی مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔