
پاسبان نیوز
اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی کوئی حالیہ تصویر یا ویڈیو منظرِ عام پر نہ آنے کے باعث اُن کی صحت اور جیل میں حالات سے متعلق قیاس آرائیاں جاری رہتی ہیں۔ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر عمران خان سے منسوب ایک تصویر وائرل ہوئی ہے، جس میں انہیں جیل کے اندر ورزش کرتے دکھایا گیا ہے۔
وائرل تصویر کے بارے میں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تصویر بظاہر اصلی محسوس ہوتی ہے۔ اُن کے مطابق تصویر کا جائزہ لیا گیا تو یہ اے آئی سے تیار کردہ نہیں لگتی بلکہ ممکنہ طور پر چند ماہ پرانی اور گرمیوں کے موسم کی ہے۔ علیمہ خان کا دعویٰ ہے کہ یہ تصویر عمران خان کی قیدِ تنہائی سے پہلے کی ہو سکتی ہے اور تصویر میں موجود جوتے بھی وہی ہیں جو ملاقاتوں کے دوران دیکھے گئے۔ تاہم حکام کی جانب سے اس تصویر کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جس کے باعث سوشل میڈیا پر بحث اور عوامی تجسس بدستور برقرار ہے۔






