
گجرات: کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے گجرات کا دورہ کیا اور ڈی سی کمپلیکس گجرات میں ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کے ہمراہ ضلعی افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر وقاص صفدر سکندری، اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ ذوالفقار احمد، اے ڈی سی جی صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون کے علاوہ ضلع بھر کی تمام میونسپل کمیٹیوں، ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسرز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے مختلف محکموں اور ایم سی اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق واضح ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے، مؤثر ویسٹ مینجمنٹ، شہروں کی خوبصورتی، اربن فاریسٹری کے فروغ، پارکس کی بہتر دیکھ بھال، اسٹریٹ لائٹس کی بروقت مرمت، سڑکوں کے میڈینز کی مناسب دیکھ بھال اور مجموعی شہری سہولیات کی بہتری پر خصوصی زور دیا۔
کمشنر نوید حیدر شیرازی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں، واضح اہداف مقرر کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت، ماحولیاتی تحفظ اور شہروں کی خوبصورتی تمام مقامی اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔






