
پاسبان نیوز: جماعتِ اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے گزشتہ روز ایک وفد کے ہمراہ کوٹھی نواب صاحب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سابق چیئرمین ضلع کونسل گجرات نوابزادہ مظفر علی خان کی وفات پر لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سابق مشیرِ وزیرِ اعظم نوابزادہ غضنفر گل اور سابق پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ حیدر مہندی سے ملاقات کی اور مرحوم کے لیے دعا مغفرت کی۔
جماعتِ اسلامی کے وفد میں الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گجرات کے صدر ڈاکٹر خالد محمود ثاقب اور جماعتِ اسلامی گجرات سٹی کے امیر راجا ساجد شریف بھی شامل تھے۔ وفد نے سوگوار خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ مظفر علی خان ایک ملنسار، خدمت گزار اور عوامی شخصیت تھے جن کی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں، جن میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق ناظم چوہدری محمد اعظم اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ کے بھائی طاہر زمان کائرہ شامل تھے۔ تمام شرکاء نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ ایسے افراد جو عوامی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہیں، ان کا خلا مدتوں پُر نہیں ہوتا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل دے۔ آخر میں مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔






