
پاسبان نیوز گجرات: اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون کی زیرِ نگرانی پی ایس ای آر (PSER) سروے کے لیے اینیومریٹرز میں ٹیبز اور ضروری کٹس تقسیم کر دی گئی ہیں، جبکہ ضلع بھر میں سروے کے عمل کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ضلع گجرات میں مجموعی طور پر 913 اینیومریٹرز کو مکمل تربیت فراہم کی جا چکی ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیٹا اکٹھا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سروے کا باقاعدہ آغاز کل سے کیا جا رہا ہے، جبکہ اسے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے اتوار کے روز بھی سروے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالقدیر زرکون نے کہا کہ پی ایس ای آر سروے کی بروقت، شفاف اور معیاری تکمیل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سروے کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ درست اور قابلِ اعتماد ڈیٹا حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے اینیومریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں ذمہ داری اور دیانت داری کے ساتھ فرائض انجام دیں، عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور فراہم کی گئی تربیت کے مطابق ڈیٹا اندراج کو یقینی بنائیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سروے کے نتائج مستقبل کی منصوبہ بندی اور عوامی سہولیات کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سروے ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ یہ قومی اہمیت کا کام مقررہ مدت میں کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔






