
خبر (پاسبان نیوز اردو) چنن: جماعت اسلامی پی پی 34 کے زیرِ اہتمام وزڈم ہاؤس چنن میں ”بدل دو نظام اجتماعِ عام“ منعقد ہوا، جس میں عوامی مسائل، موجودہ نظام کی ناکامیوں اور متبادل اسلامی و فلاحی نظام کے قیام پر زور دیا گیا۔ اجتماع میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی اور قائمقام امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات رانا محمد عمر صدیق نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے تفصیلی خطاب کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی اور ناانصافی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ موجودہ نظام عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک ایسے نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جو عدل، شفافیت اور عوامی فلاح پر مبنی ہو اور جس میں عام آدمی کو اس کے بنیادی حقوق میسر آئیں۔
قائمقام امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات رانا محمد عمر صدیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع گجرات بالخصوص حلقہ پی پی 34 کے عوام پانی، صحت، تعلیم، سڑکوں اور روزگار جیسے بنیادی مسائل سے دوچار ہیں، مگر برسوں سے منتخب نمائندے صرف وعدوں تک محدود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پی پی 34 چوہدری اظہر اقبال نے معزز مہمانوں اور شرکائے اجتماع کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی پی 34 کے عوام کو ٹوٹے ہوئے انفراسٹرکچر، ناقص طبی سہولیات، تعلیمی اداروں کی زبوں حالی اور بدترین مہنگائی کا سامنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی ان مسائل کے حل کے لیے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ”بدل دو نظام“ تحریک کے ذریعے عوام کو ایک منصفانہ اور فلاحی نظام کا شعور دے رہی ہے۔
اجتماع میں عوام (مردو خواتین) کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے حقوق کے حصول اور ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں گے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں نظام کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے اور جماعت اسلامی کی تحریک عوام کی حقیقی آواز بن کر ابھر رہی ہے۔






