پاسبان نیوز گجرات: سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) صدام حسین نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ چوک نوابزادہ اور گجرات کے مختلف علاقوں میں سی این جی سلنڈر لگے رکشوں اور دیگر گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک ظہیر احمد جنجوعہ بھی موجود تھے اور ٹریفک خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی۔
معائنہ کے دوران گاڑیوں کی فٹنس، سی این جی سلنڈرز کی قانونی حیثیت اور حفاظتی معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری آر ٹی اے نے غیر قانونی اور غیر محفوظ سی این جی سلنڈرز کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے معائنہ جات مستقبل میں بھی باقاعدگی سے کیے جائیں گے تاکہ سڑکوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔






