
کھاریاں (پاسبان نیوز ) کھاریاں پریس کلب میں نو منتخب صدر سید تنویر نقوی اور کابینہ کو مبارکباد پیش کرنے کے لیے مختلف وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں نیوز الرٹ کی ٹیم نے عرفان ادریس کی قیادت میں کھاریاں پریس کلب کا دورہ کیا اور صدر سید تنویر نقوی سمیت نو منتخب کابینہ کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کھاریاں خاور جاوید گجر بھی خصوصی طور پر پریس کلب پہنچے، جبکہ سماجی تنظیم میرا اپنا کھاریاں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین اور نمائندہ وفود نے شرکت کی۔ آنے والے وفود نے صدر پریس کلب اور کابینہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔نو منتخب کابینہ کی جانب سے تمام معزز مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر کھاریاں پریس کلب سید تنویر نقوی نے کہا کہ انشاءاللہ کھاریاں پریس کلب کے دروازے بلا تفریق سب کے لیے کھلے ہیں۔ کھاریاں پریس کلب ایک آزاد، غیر جانبدار اور عوام دوست پلیٹ فارم ہے جہاں تمام فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مساوی حق حاصل ہوگا۔ پریس کلب کسی بھی گروہ یا فرد کے ساتھ فریق نہیں بنے گا بلکہ حق، سچ اور ذمہ دار صحافت کی نمائندگی کرے گا۔
صدر پریس کلب نے مزید کہا کہ کھاریاں پریس کلب کی رونقیں بحال ہو چکی ہیں اور صحافتی سرگرمیوں کو مزید منظم، فعال اور مؤثر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آخر میں صدر سید تنویر نقوی نے کہا کہ ہم آج اور اس سے قبل کھاریاں پریس کلب آنے والے تمام معزز مہمانوں، سرکاری افسران، وکلا، ڈاکٹرز، صحافی برادری اور معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے پریس کلب پر اعتماد کا اظہار کیا۔
نو منتخب کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کھاریاں پریس کلب صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور اور مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔






