سائلین کے مسائل کی براہِ راست سماعت، موقع پر حل کے فوری احکامات

پاسبان نیوز جہلم : وزیراعلیٰ پنجاب کے “اوپن ڈور پالیسی” وژن پر عملدرآمد کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے عوامی سماعت کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اپنے مسائل براہِ راست انتظامیہ کے سامنے رکھے۔
عوامی سماعت کے دوران ڈپٹی کمشنر جہلم نے ہر سائل کی شکایت کو توجہ سے سنا اور متعدد مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے، جبکہ بعض معاملات پر متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی ہدایات دی گئیں تاکہ عوام کو بلا تاخیر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ عوام کی سہولت اور فوری داد رسی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے دروازے ہمہ وقت عوام کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شکایات کے بروقت ازالے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سائلین نے عوامی سماعت کے انعقاد اور مسائل کے فوری حل پر ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اسی طرح کی عوام دوست سرگرمیاں عوام اور انتظامیہ کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کریں گی۔






