پاسبان نیوز | پشاور : عوامی نیشنل موومنٹ کی رہنما عائشہ گلالئی نے خیبر پختونخوا حکومت کو ملنے والے عوامی فنڈز اور مبینہ خرد برد کے معاملات پر عوام کو باخبر کرتے ہوئے یومِ حساب منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ اب خیبر پختونخوا کے عوام اپنے پیسوں کا حساب خود لیں گے اور کرپشن پر خاموش نہیں رہیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 17 جنوری کو باغِ جناح پشاور میں صبح 11 بجے ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں وہ خود خطاب کریں گی اور عوام کے سامنے فنڈز کے استعمال، بدانتظامی اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تفصیلات رکھیں گی۔
عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو جواب دینا ہوگا اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکمرانوں سے شفاف احتساب کا مطالبہ کیا جائے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا:
“حساب تو ہوگا!”
جلسہ عام میں شہریوں، نوجوانوں، سول سوسائٹی اور تمام باشعور طبقات کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ اجتماعی آواز کے ذریعے عوامی حقوق کا دفاع کیا جا سکے۔






