،

پاک سعودی تجارتی روابط مضبوط بنانے پر زور۔
جدہ ۔گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مٹو کے اعزاز میں صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود دھول کی جانب سے جدہ میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ عشائیے میں پاکستان انویسٹرز فورم کے عہدیداران، پاکستان قونصلیٹ جدہ کی کمرشل قونصلر سعدیہ خان، پریس قونصلر عرفان چوہدری، سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، سابق مشیر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب و چیئرمین پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری اظہر عباس وڑائچ، چیئرمین مسلم لیگ

(ن) سعودی عرب چوہدری اکرم گجر سمیت سیاسی، سماجی، تجارتی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز استقبالیہ خطاب سے ہوا جس میں چیئرمین مسلم لیگ (ن) سعودی عرب چوہدری اکرم گجر نے مہمانِ خصوصی

احمد حسن مٹو کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے جدہ آمد پر پاکستان انویسٹرز فورم کی جانب سے خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر احمد حسن مٹو نے میزبانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جدہ میں پاکستانی تاجر برادری سے اس نوعیت کی ملاقات ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستانی تاجروں کو منظم انداز میں سعودی عرب لایا جائے کیونکہ سعودی عرب ایک بہت بڑی اور ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے۔ گجرات ایک بڑا صنعتی زون ہے اور یہاں کی بہت سی مصنوعات سعودی مارکیٹ میں متعارف کروائی جا سکتی ہیں جس کی مثال حرم شریف میں گجرات فین فین دکھ کر دلی مسرت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے پاکستان انویسٹرز فورم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورم جس طرح تاجروں کے لیے راہیں ہموار کر رہا ہے وہ قابلِ تحسین ہے

۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان قونصلیٹ جدہ کی کمرشل قونصلر سعدیہ خان نے کہا کہ قونصلیٹ پاکستانی تاجروں کی معاونت کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے آنے والے تاجر مکمل تیاری اور بزنس پروفائل کے ساتھ سعودی عرب آئیں کیونکہ یہ ایک وسیع اور مواقع سے بھرپور مارکیٹ ہے۔ انہوں نے گجرات چیمبر آف کامرس کی خدمات کو سراہتے ہوئے پوری کابینہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے چیمبرز دنیا بھر میں قائم چیمبرز کے ساتھ مضبوط روابط استوار کریں تاکہ ملکی مصنوعات عالمی منڈیوں تک پہنچ سکیں

۔
سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے اپنے خطاب میں احمد حسن مٹو کی کارکردگی اور وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے تاجر روایتی طور پر یورپ کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں، تاہم موجودہ حالات میں سعودی عرب سب سے بڑی اور منافع بخش مارکیٹ بن چکا ہے۔ اگر پاکستانی تاجر سعودی مارکیٹ پر توجہ دیں تو انہیں یورپ کے مقابلے میں بہتر منافع حاصل ہو سکتا ہے۔ انہوں

نے کہا کہ اس وقت ہمیں اپنی تجارتی توجہ زیادہ سے زیادہ سعودی عرب پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود دھول نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تمام چیمبرز کے درمیان مضبوط رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انویسٹرز فورم، پاکستان قونصلیٹ جدہ کے تعاون سے نہ صرف سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تاجروں کی معاونت کر رہا ہے بلکہ پاکستان سے آنے والے نئے تاجروں کی بھی ہمہ وقت رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی زیادہ سے زیادہ مصنوعات سعودی عرب کی مارکیٹ میں متعارف کروانے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنا ہوں گی انہوں نے صدر گجرات چیمبر آف کامرس احمد حسن مٹو اور انکی کابینہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔
تقریب میں شریک دیگر نمایاں شخصیات میں نائب صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری غلام مصطفیٰ گجر، فنانس سیکرٹری راجہ محمد ریاض، چوہدری طارق، چوہدری عبدالمتین، چوہدری زریاب، چوہدری اکرم فیاض، چوہدری احسان الٰہی گجر، سعد انس جنید، ملک عمر فاروق، چیئرمین پاک میڈیا جرنلسٹس فورم چوہدری نورالحسن گجر اور دیگر شامل تھے۔
تقریب کے اختتام پر پاک سعودی تجارتی تعلقات کے فروغ، باہمی تعاون اور پاکستانی مصنوعات کو سعودی مارکیٹ میں متعارف کروانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔






