سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی بے مثال جرات، استقامت، مزاحمتی بصیرت اور آزادی، وقار اور خودمختاری کے اعلیٰ نظریات سے ان کی تاحیات وابستگی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے، ہم اسلامی انقلاب کی عظیم اور مقدس امنگوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم اس کے پائیدار اصولوں اور بنیادی اقدار سے اپنی کامل وابستگی کا اظہار کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ اس عظیم شہید کے ابدی مشن اور بلند مقاصد کے لیے اپنی آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک ثابت قدم رہیں گے۔

آیت اللہ سید علی خامنہ ای ایک عہد ساز اور تاریخ ساز شخصیت تھے، جنہوں نے اپنے جدِ امجد حضرت امام حسینؑ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے باطل اور ظلم کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے کے بجائے شہادت کو ترجیح دی۔ وہ نہایت سفاک اور بزدل عناصر کے ہاتھوں اپنے معصوم اہلِ خانہ کے ہمراہ شہید ہوئے، مگر انہوں نے ہرگز ہتھیار نہ ڈالے اور نہ ہی ظلم کے آگے جھکے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے عظیم رہبر کا مقدس خون اسلامی جمہوریہ کے تناور اور سرسبز شجر کو مزید قوت، استحکام اور پائیداری عطا کر گیا۔ اس عظیم شہید اور بے لوث عالمِ دین کی جدوجہد سنہری حروف میں تاریخ کا حصہ بن چکی ہے اور رہتی دنیا تک حریت پسند اقوام کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔

مزید برآں، یہ امر واضح کیا جاتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مضبوط آئینی ڈھانچے، مستحکم ریاستی اداروں اور واضح قانونی نظام پر استوار ہے۔ اسلامی انقلاب کے عظیم ائمہ کی قائم کردہ مضبوط بنیادوں اور شہداء کے پاکیزہ خون کی برکت سے، ملک ہر قسم کے حالات میں اپنے آئین کے عین مطابق قیادت اور نظامِ حکومت کے تسلسل کو اتحاد، استقامت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ یقینی بنائے گا۔ اسلامی جمہوریہ ایران آئینی تقاضوں کے مطابق نئی قیادت کا انتخاب کرے گا اور جرات، وقار اور استقلال کے ساتھ اپنی روحانی اور انسانی اقدار پر مبنی راہ پر گامزن رہے گا۔



