ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کھاریاں محترمہ ثمن اعجاز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کھاریاں ضلع بھر میں غریب اور مستحق عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اور مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں مستحق خاندانوں، خصوصی افراد، بیواؤں، یتیم بچوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کو ہر ممکن سہولیات اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔محترمہ سمن اعجاز نے یہ خیالات پاسبان ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل محمد انور چوہان سے ایک غیر رسمی ملاقات کے دوران اظہار کیے۔ ملاقات میں باہمی تعاون، مستحق افراد کی نشاندہی اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نہ صرف مالی امداد اور بحالی کے پروگرامز پر کام کر رہا ہے بلکہ عوامی آگاہی مہمات، فنی تربیت اور سماجی بہبود کے مختلف منصوبوں کے ذریعے لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

محترمہ ثمن اعجاز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کھاریاں آئندہ بھی عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے مستحق افراد تک زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا اور شفافیت، دیانتداری اور میرٹ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔

انہوں نے مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ محکمہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی مؤثر انداز میں مدد کی جا سکے



