اسلام آباد میں پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں (فرشتوں اور پریوں) کے اعزاز میں زاریانز بزنس گروپ اور اسلام آباد گروپ کی جانب سے منعقدہ پروقار افطار ڈنر کے موقع پر مختلف معزز شخصیات نے شرکت کی اور فلاحی سرگرمیوں کو سراہا۔

تقریب کے اختتام پر گلوبل رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد نواز گلیانہ نے پیٹرن اِن چیف زمرد خان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ زمرد خان نے نہ صرف یتیم بچوں کے لیے ایک محفوظ اور باوقار چھت فراہم کی بلکہ انہیں تعلیم، تربیت اور خود اعتمادی سے آراستہ کر کے معاشرے کا مفید شہری بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم محض ایک فلاحی ادارہ نہیں بلکہ ایک امید، محبت اور انسانیت کا عملی نمونہ ہے۔ زمرد خان کی انتھک محنت، شفاف قیادت اور بچوں سے بے لوث محبت ہی اس ادارے کی کامیابی کا راز ہے۔

چوہدری نواز گلیانہ نے مزید کہا کہ مخیر حضرات، سماجی و کاروباری شخصیات کا اس مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم اپنے یتیم اور نادار بچوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے زاریانز بزنس گروپ اور اسلام آباد گروپ کی جانب سے افطار ڈنر کے انعقاد کو ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں ہمدردی، یکجہتی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلوبل رائٹرز ایسوسی ایشن بھی پاکستان سویٹ ہوم کے فلاحی مشن کو اجاگر کرنے اور اس کی مثبت سرگرمیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔زاریانز بزنس گروپ اور اسلام آباد گروپ کی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے اعزاز میں ایک پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں وفاقی وزراء، سابق وزراء، بیوروکریٹس، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت جڑواں شہروں اور ملک کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے معزز افراد نے شرکت کی





